Murder Mindfully Complete Film Review
![]() |
Murder Mindfully |
"مکمل دھیان اور توجہ کے ساتھ قتل کرنا۔"
بھئی میری اس بات کو کوئی اہم مشورہ سمجھ کر آپسی کسی رنجش کی بِنا پر کسی کو دوسرے جہان مت بھیج دینا کیوں کہ یہ تو میں آپ کو ایک نئی سیریز کے متعلق بتانے جا رہا ہوں جس کا نام ہے Murder Mindfully ۔
اس سیریز کی سب سے خوبصورت بات یہ ہے کہ آپ کو دھیان لگانا یعنی میڈیٹیشن کے حوالے سے اتنے عمدہ اور بہترین انداز میں سمجھایا جاتا ہے کہ آپ سیریز دیکھنے کے دوران ہی دھیان لگانا شروع کر دیتے ہیں ۔ میں بھی رات دودھ چڑھا کر دھیان لگانے بیٹھ گیا ، پتوں کی سرسراہٹ ، پرندوں کی چہچہاہٹ اور ندی کے چلنے کی دلکش آواز سے میں لطف اندوز ہو کر میڈیٹیشن کی وادیوں میں گھوم رہا تھا کہ ایک زناٹے دار تھپڑ نے میرے دھیان کو پاتال میں بھیج دیا۔ آنکھ کھول کر دیکھا تو سامنے امی کھڑی تھیں اور آدھا دودھ ابل ابل کر گر چکا تھا ۔ میں نے امی کو دھیان لگانے کے فوائد کے حوالے سے تھوڑا سا آگاہ کرنا چاہا لیکن امی نے میری بات پر بالکل دھیان نا دیا ۔
خیر مدعے پر واپس آتے ہیں ۔ کہانی بنیادی طور پر ایک وکیل کی ہے جو ایک بہت بڑے ڈرگ مافیا کے ڈون کا وکیل ہوتا ہے اور وہ Don آئے دن کوئی نا کوئی کانڈھ کر کے وکیل کو کہتا ہے " بھیا جی جو کرو جیسے کرو مجھے بس اس معاملے سے نکالو " ۔
چھوٹے موٹے معملات میں تو وکیل صاحب اپنی مہارتوں کا استعمال کر کے Don کو قانونی کاروائیوں سے محفوظ رکھتا ہے لیکن ایک بار Don کی کھسکی ہوئی کھوپڑیا گھومتی ہے اور وہ اپنے کسی مخالف کو سرے عام آگ میں جھلسا کر مار دیتا ہے جس کی ویڈیوز وہاں پر موجود بہت سارے لوگ بنا کر وائرل کر دیتے ہیں جیسے آئے روز ہمارے یہاں بھی ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں۔
اب پھر سے وکیل کی شامت آتی ہے ۔ وکیل نا ہوا بیچارہ کوئی مظلوم شوہر ہو گیا جسے بیگم اشاروں پہ دوڑاتی پھرتی ہے۔ اب وکیل بہت بڑی پریشانی میں پھنس جاتا ہے کیوں کہ اگر وہ Don کو محفوظ نہیں رکھتا ہے تو ڈون اس کی فیملی کو نقصان پہنچائے گا ۔
وکیل کسی سنیاسی کی طرح پھر سے دھیان لگا کر بیٹھ جاتا ہے اور پھر اس کے دماغ میں ایسا خطرناک خیال آتا ہے کہ " نا رہے گی بانس نا رادھا ناچے گی"
مثال کہیں غلط تو نہیں ہو گیا ؟ چلیں خیر رادھا ناچے یا نا ناچے لیکن وکیل خود بھی ناچتا ہے اور Don کی پوری ٹیم کو بھی اپنے حساب سے نچاتا ہے۔
اور اسی دوران ایک دوسرا ڈون وکیل کے لئے پینا ڈال کا پورا پتا ساتھ لے کر آ جاتا ہے اور کہتا ہے جانو۔
انگلیاں پھیر میرے بالوں میں
یہ میرا دردِ سر نہیں جاتا
مطلب آسمان سے گرا کھجور میں اٹکا۔ وکیل پھر سے چاروں طرف سے پریشانیوں اور غنڈوں میں گِھر جاتا ہے جیسے پچھلے پچھتر سالوں سے ہم پاکستانی گِھرے ہوئے ہیں ۔
اب وکیل کے لئے پیچھے کنواں اور آگے کھائی والا معاملہ بن جاتا ہے لیکن پھر وکیل تو وکیل ہوتا ہے ، خاص کر اگر وہ شدید والا ذہین بھی ہو اور ساتھ دھیان لگانے میں بھی ماہر ہو۔
فلم کی Detailing ، ڈائریکشن اور اداکاری بہت بہترین اور جان دار ہے ۔ بات جب Survival پہ آتی ہے تو انسان کسی بھی حد تک جا سکتا ہے ۔ سیریز شروع سے لے کر آخر تک آپ کو ایک لمحے کے لئے بھی بور نہیں ہونے دیتی ۔ آپ نے اگر ایک بار
سیریز شروع کر دی تو ہر قسط کے آخر میں ایسا ٹوسٹ آ جاتا ہے کہ آپ نا چاہتے ہوئے بھی اگلی قسط دیکھنا چاہیں گے۔ یہ سیریز نیٹ فلیکس پر دستیاب ہے۔ چلیں ابھی اپ ذرا سیریز دیکھیں اور میں تھوڑا دھیان لگاتا ہوں اگر امی کے زناٹے دار تھپڑ سے محفوظ رہا تو ۔
Copied from FB
Comments
Post a Comment
Thanks for Comments.We will contact soon.